اسلام کی تبلیغ
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تبلیغ توحید کا حکم پاتے ہی تبلیغ کا کام شروع کر دیا‘ لوگوں کو شرک سے باز رکھنے اور توحید الہی کی طرف بلانے کا کام اول آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے گھر ہی سے شروع کیا‘ سیدہ خدیجۃ الکبری رضی اللہ عنہا سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لائیں ۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ ابن ابوطالب اور سیدنا زید رضی اللہ عنہ بن حارثہ بھی پہلے ہی دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آئے‘ یہ سب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر کے آدمی تھے۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ بن ابوقحافہ بھی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دوست تھے پہلے ہی دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آئے۔۱ ان سب سے پہلے ایمان لانے والوں میں ایک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیوی‘ ایک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچازاد بھائی‘ ایک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام‘ ایک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خالص و مخلص دوست تھے‘ ظاہر ہے کہ یہ سب کے سب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق و خصائل سے بخوبی واقف تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا کوئی بھی پہلو ان سے پوشیدہ و محجوب نہیں تھا‘ ان کا سب سے پہلے ایمان لانا آ...